پاکستانی خبریں

پاکستان کے شہر راولپنڈی سے شروع ہونے والے سیور فوڈز کی قیمتوں میں اضافہ، 720 روپے پلیٹ پلاؤ پر سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل

خلیج اردو
راولپنڈی سے شروع ہونے والا معروف فوڈ برینڈ سیور فوڈز جو اب اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی اپنی پہچان بنا چکا ہے، حالیہ دنوں میں قیمتوں میں اضافے کے باعث سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ روایتی طور پر مناسب قیمت اور اچھے معیار کے لیے مشہور سیور فوڈز اب متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی پہنچ سے دور ہوتا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی بعض رسیدوں کے مطابق سیور فوڈز میں ایک پلیٹ پلاؤ کی قیمت 720 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس پر صارفین نے حیرت اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ جو کھانا کبھی عام شہری کی پہنچ میں تھا، اب مہنگائی اور مختلف ٹیکسز کے باعث اس کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔

اس حوالے سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سیور فوڈز کی ایک برانچ کے ذمہ دار نے بتایا کہ کاروباری اخراجات میں اضافے، مرغی، چاول اور کوکنگ آئل کی قیمتیں بڑھنے کے ساتھ ساتھ یوٹیلیٹی بلز میں اضافے کے باعث ریسٹورنٹ کے نرخ بڑھانا پڑے۔

ذرائع کے مطابق سیور فوڈز انتظامیہ سوشل میڈیا پر جاری بحث اور صارفین کے ردعمل کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button