
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں ایک لاکھ درہم کی لاٹری جیتنے والے پاکستانی شہری نے انعامی رقم اپنے اوپر خرچ کرنے کے بجائے خاندان کی ضروریات پوری کرنے اور مستحق افراد کی مدد میں استعمال کردی۔
ساہیوال سے تعلق رکھنے والے 55 سالہ عبدالسلام محمد اشرف ابوظہبی میں لیموزین ڈرائیور کے طور پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے نومبر 2025 میں لکی ڈے ڈرا کے لکی چانس انعام میں ایک لاکھ درہم جیتے تھے۔
عبدالسلام کے لیے انعام کی رقم ایسے وقت میں ملی جب ان کے بیٹے کی شادی کی تیاریاں جاری تھیں اور انہیں خود بھی سرجری کی ضرورت تھی۔ انہوں نے انعامی رقم کا ایک حصہ بیٹے کی شادی کے اخراجات پورے کرنے اور اپنا علاج مکمل کرانے کے لیے استعمال کیا۔
عبدالسلام کا کہنا ہے کہ بیٹے کی شادی خاندان کے لیے خوشی کا موقع تھی جبکہ ان کی سرجری بھی کامیاب رہی۔ ان کے مطابق وہ انعامی رقم سے اپنے لیے کوئی چیز خریدنے کے بجائے ان کاموں پر خرچ کرنا چاہتے تھے جو ان کے خاندان کے لیے سب سے زیادہ اہم تھے۔
انہوں نے انعامی رقم سے پاکستان میں اپنی بیٹی کی گاڑی خریدنے میں بھی مدد کی جبکہ کچھ رقم مستحق افراد کی امداد اور خیرات کے لیے وقف کردی۔
ایک لاکھ درہم کی رقم جیتنے کے باوجود عبدالسلام نے اپنی زندگی میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی اور اب بھی ابوظہبی میں لیموزین ڈرائیور کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ لاٹری جیتنے کی سب سے بڑی خوشی یہ تھی کہ وہ اپنے بچوں اور خاندان کی اہم ضروریات پوری کرنے میں ان کی مدد کرسکے۔
عبدالسلام کے مطابق مستقبل میں اگر انہیں مزید موقع ملا تو وہ اپنے آبائی شہر ساہیوال میں ضرورت مند خاندانوں کی مدد اور فلاحی کاموں میں زیادہ حصہ لینا چاہیں گے۔







