خلیج اردو
10 اکتوبر 2020
لندن: موت برحق ہے لیکن کورونا وائرس ایک مہلک مرض ہے جس کا شکار ہونا موت کے خطرے سے خالی نہیں تاہم حال ہی میں ایک تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ کم تنخواہ والے افراد ، کم تعلیم یافتہ افراد، غیر شادی شدہ افراد اور غیر ممالک میں پیدا ہونے والے افراد خاص کر مردوں کے کورونا سے موت کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
سویڈن میں اسٹاک ہالم یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے سیون ڈریفاہل کے مطابق مذکورہ بالا وجوہات کورونا مرض میں مبتلا ہونے والوں میں موت کا خدشہ اور بھی بڑھاتا ہے۔
یہ تحقیق سویڈن میں نیشنل بورڈ آف ہیلتھ اینڈ ویلفیئر پر موجود مرنے والوں کے اعدادوشمار کا باریکی سے احاطہ کرنے سے سامنے آئی ہے۔
نیچر کمیونیکیشن نامی جرنل میں چھپی تحقیق کے مطابق سویڈن سے باہر پیدا ہونے والوں میں مقامی لوگوں کی نسبت موت کے امکانات زیادہ ہیں۔ مزید یہ بات سامنے آئی کہ تعلیم اور آمدنی کا بھی کورونا سے مرنے یا نہ مرنے کا گہرا تعلق ہے۔ مرد ہونا یا کم آمدنی والا اور کم تعلیم یافتہ ہونے والوں میں کورونا سے موت کا خدشہ زیادہ رہتا ہے۔ مردوں میں خواتین کی نسبت مرنے کا خدشہ دوگنا رہتا ہے۔
تحقیق کے روح رواں گونر انڈرسن کے مطابق یہ حقیقت ہے کہ کم تعلیم یافتہ یا کم آمدنی والا ہونے کی وجہ سے موت کے زیادہ امکان کی وجہ ایک شخص کا لائف اسٹائل ہے جس میں مریض کا اپنی صحت کو ترجیح دینے کی وجہ شامل ہے۔ اگر کسی کی آمدنی کم ہے یا تعلیم زیادہ نہیں تو عام طور پر ان کی صحت ان کے ترجیحات میں شامل نہیں ہوتی۔ اسی طرح باقی وجوہات کا بھی ایسے احاطہ کیا جا سکتا ہے۔
تحقیق کرنے والی ٹیم کے مطابق غیر شادی شدہ افراد ، طلاق یافتہ ، بیوہ یا رنڈوا میں شادی شدہ افراد کے مقابلہ میں مرنے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔ ان میں ایک اعشاریہ پانچ یا دوگنا خدشہ پایا جاتا ہے۔
Source : Khaleej Times







