خلیج اردو
26 مارچ 2021
عاطف خان خٹک
راولپنڈی:پاکستان نے جمعہ کے روز بیلسٹک میزائل شاہین ون اے کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے ۔ زمین سے زمین تک مار کرنے والا شاہن ون اے 900 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے میڈیا کو جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق اس تجربے کا مقصد میزائل کے ڈیزائن سمیت اس کے مختلف ٹیکنیکل پیرامیٹرز بشمول جدید نیوی گیشن سسٹم کی کامیابی سے ازسرنوتجدید کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی ایس پی ڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی ، چیئرمین نیسکام ڈاکٹر رضا ثمر اور کمانڈر آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد علی سمیت سٹریٹیجک اداروں کے سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر نے اس کامیاب تجربے کا مشاہدہ کیا۔
صدرعارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔






