
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دنیا کے کئی ممالک دہشتگردی کے سنگین چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں، لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ عالمی سطح پر ایک جامع، کثیر الجہتی حکمت عملی تیار کی جائے اور اس پر بلا تاخیر عملدرآمد ہو۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں برطانوی رکن پارلیمنٹ محمد افضل خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان انسداد دہشتگردی کے شعبے میں برطانیہ کے تعاون کا خیر مقدم کرے گا، خاص طور پر اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور ٹریننگ کے میدان میں۔
محسن نقوی نے افضل خان کو برطانیہ میں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ لیبر پارٹی کے دور حکومت میں پاک برطانیہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔
افضل خان نے پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔






