
خلیج اردو
پشاور:پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین نے پاکستان میں چالیس سال گزار دیے، اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے وطن واپس لوٹ جائیں۔ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اب اسلامی حکومت قائم ہے اور مکمل امن ہے۔
حافظ محب اللہ شاکر نے بتایا کہ عید کے دوسرے روز افغانستان کے دورے کے دوران اعلیٰ حکام سے افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق بات چیت کی گئی۔ ان کے مطابق افغان مہاجرین کے لیے خصوصی کمیشن قائم کیا گیا ہے اور وطن واپسی پر انہیں تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
قونصل جنرل نے کہا کہ افغان مہاجرین اپنے ملک میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اور پُرامن و باعزت زندگی گزار سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب مہاجرین کو کسی تشویش کی ضرورت نہیں، افغانستان میں ان کے لیے روزگار، زمین اور کاروباری مواقع دستیاب ہیں۔ کنڑ سمیت مختلف علاقوں میں کاروباری افراد کو زمینیں دی جارہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان میں ایک آزادانہ اور محفوظ زندگی گزاری، اور کسی قسم کی شکایت نہیں ہے۔ اب افغانستان میں مہاجرین کے لیے اپنا ملک، اپنی حکومت اور اپنا نظام موجود ہے، اس لیے انہیں وطن واپسی کا فیصلہ اعتماد سے لینا چاہیے۔






