پاکستانی خبریں

پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا فائدہ بلوچستان کو منتقل کرنا خوش آئند اقدام ہے، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وفاقی وزراء جام کمال اور خالد حسین مگسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا فائدہ بلوچستان کے عوام تک منتقل کرنا خوش آئند اور وفاقی حکومت کی جانب سے خیر سگالی کا عملی مظاہرہ ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے جا رہا ہے، این اے 25 کی تعمیر میں پورے پاکستان کے عوام کا حصہ ہوگا۔ کراچی سے چمن کی شاہراہ جو کبھی خونی سڑک کہلاتی تھی، اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر ٹریڈ اور سمگلنگ میں واضح فرق ہے، ہم سمگلنگ کا خاتمہ اور قانونی تجارت کو فروغ دیں گے تاکہ مقامی لوگوں کو فائدہ مند کاروبار کے مواقع میسر آئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں استحکام آئے گا تو پاکستان کی ترقی یہیں سے شروع ہوگی۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان کی کوئی سڑک بند نہیں ہونے دیں گے اور آج ہر شاہراہ کھلی ہے۔ بلوچستان کے عوام کو مکمل سیاسی حقوق حاصل ہیں، اور احتجاج کا حق بھی، تاہم حکومت طے کرے گی کہ احتجاج کی جگہ کون سی ہوگی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ کینالز کے معاملے پر ان کی پارٹی کا مؤقف واضح ہے، اور کوئی جتھا اکٹھا کر کے دھرنا دے تو آئین اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں جنہوں نے بلوچستان کے لیے این 25 کا منصوبہ منظور کیا، اور کچی کینال کی تکمیل سے 6 سے 7 لاکھ ایکڑ زمین کو پانی دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے وسائل درست استعمال کریں تو بلوچستان کو یورپ جیسا بنایا جا سکتا ہے۔

خالد مگسی نے مزید کہا کہ حکومتیں بدلنے سے ترقیاتی منصوبوں میں تسلسل نہیں رہتا، مگر ریاست آئینی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرتی۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ سردار اختر مینگل نے دھرنا ختم کر دیا ہے اور امید ظاہر کی کہ حالات بہتری کی جانب جائیں گے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ کچھ عناصر کو بلوچستان اور پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ بلوچستان کو ترجیح دی ہے، اور بطور وزیراعلیٰ پنجاب بھی انہوں نے بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کیا۔

جام کمال نے کہا کہ ملک کی یکساں ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کام کر رہے ہیں، اور یہی راستہ ملک کو ترقی کی طرف لے جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button