عالمی خبریںپاکستانی خبریں

پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کے لیے امریکا، روس اور چین متحرک، مارکو روبیو کے رابطوں کا امکان

خلیج اردو
اسلام آباد، 30 اپریل 2025
جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بین الاقوامی طاقتیں متحرک ہو گئی ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ امریکہ پاک بھارت کشیدگی کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کشیدگی میں اضافہ نہ کریں بلکہ مسئلے کا پرامن حل تلاش کریں۔

ترجمان نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو جلد ہی پاکستان اور بھارت کے حکام سے رابطہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کو کشیدگی میں کمی کی جانب مائل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی اس سلسلے میں رابطہ کرے گا اور مقبوضہ کشمیر میں پیش آنے والے واقعے پر اس کی کڑی نظر ہے۔

اسی دوران روس نے بھی پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں اور تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔ روسی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ماسکو میں پاکستان کے سفیر نے روسی ڈپٹی وزیر خارجہ سے ملاقات کی، جس میں کشمیر حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری جانب چین نے بھی پاکستان اور بھارت دونوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے کے امن و استحکام کو یقینی بنانے میں کردار ادا کریں۔ بیجنگ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کشیدگی کا خاتمہ دونوں ممالک اور پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

عالمی برادری کی جانب سے یہ سفارتی کوششیں اس وقت ہو رہی ہیں جب پاکستان کی جانب سے بھارت کے ممکنہ جارحانہ عزائم پر شدید ردعمل سامنے آ چکا ہے، اور خطے میں جنگ کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button