
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹیکس چوری، بے ضابطگیوں اور غیر قانونی اشیاء کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں ہدایت دی کہ غیر قانونی سگریٹس اور دیگر اشیاء کی روک تھام کے لیے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور ایف بی آر کو ہنگامی پلان پر فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کی۔
وزیراعظم نے انکم ٹیکس آرڈیننس اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ میں حالیہ ترامیم کا دفاع کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کا مقصد قانونی پیچیدگیوں کو ختم کرنا ہے نہ کہ باقاعدگی سے ٹیکس دینے والوں کو متاثر کرنا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر افسران کی جانب سے بلاوجہ ہراسانی کی روک تھام کی گئی ہے اور نظام کو عام شہریوں کے لیے مزید سہل بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران ٹیکس نیٹ بڑھانے، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم، اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ پر بریفنگ دی گئی۔ ایف بی آر حکام نے بتایا کہ تمباکو، سیمنٹ، شوگر اور پولٹری سمیت مختلف صنعتوں میں ٹیکس چوری کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ وڈیو مانیٹرنگ کے ذریعے کئی بے ضابطگیاں پکڑی جا چکی ہیں اور غیر قانونی تمباکو مصنوعات کی ضبطی کے اختیارات صوبوں کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پولٹری انڈسٹری میں بھی ایف بی آر کا مانیٹرنگ نظام قائم کیا جا رہا ہے تاکہ ٹیکس نظام کو شفاف اور موثر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب اور چیرمین ایف بی آر سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔







