
خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مشترکہ "ان کیمرہ” بریفنگ دی جس میں ہندوستان کی اقلیتوں کے ساتھ سلوک، مودی سرکار کی انتہا پسندی اور پاکستان میں دہشت گردی میں بھارتی کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جعفر ایکسپریس جیسے حملوں اور دیگر دہشت گرد کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد اقوام عالم کے سامنے لائے جائیں گے۔
شرکاء نے واضح کیا کہ بھارت ماضی میں پہلگام جیسے جعلی واقعات کے ذریعے پاکستان پر الزام تراشی کرتا رہا، مگر کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا۔ کشمیر کا مسئلہ بھی دوبارہ عالمی منظرنامے پر ابھرا ہے اور بھارت کی جانب سے اس کا اسٹیٹس تبدیل کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
شرکاء نے بھارت کے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور آبی جارحیت کو پاکستان کی "ریڈ لائن” قرار دیتے ہوئے کسی بھی غیر قانونی اقدام کے خلاف متحد ردعمل دینے پر اتفاق کیا۔ تمام سیاسی جماعتوں نے افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی، ملکی خودمختاری کے دفاع اور بھارتی عزائم بے نقاب کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔






