
خلیج اردو
منی سوٹا، امریکا — 15 جون 2025
امریکی ریاست منی سوٹا میں ایک ہی گھنٹے کے اندر پیش آنے والے دو مختلف فائرنگ کے واقعات نے ریاست بھر میں سنسنی پھیلا دی۔ ان واقعات میں سابق سٹیٹ ہاؤس اسپیکر میلیسا ہارٹ مین اور ان کے شوہر کو ان کے گھر میں قتل کر دیا گیا، جب کہ ایک اور واقعے میں ڈیموکریٹک سینیٹر جان ہوفمین اور ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی اور فائرنگ کے بعد پولیس کے ساتھ مختصر جھڑپ کے بعد فرار ہو گیا۔ مشتبہ شخص کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
گورنر منی سوٹا ٹِم والز نے واقعے پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "میلیسا ہارٹ مین اور ان کے شوہر کے قتل کے پیچھے ممکنہ سیاسی محرکات ہو سکتے ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ ریاستی ادارے اس معاملے کی جامع تفتیش کر رہے ہیں اور قاتل کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ریاست میں سیاسی اور سیکیورٹی حلقوں میں اس واقعے کے بعد شدید تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ واشنگٹن میں بھی اس واقعے پر فوری ردعمل سامنے آیا ہے۔ کانگریس کے ارکان نے قانون سازوں کی حفاظت کے لیے اقدامات تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔







