
خلیج اردو
یروشلم:ایران کی جانب سے اسرائیل پر تازہ بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید لہر میں اسرائیلی دفاعی نظام بری طرح ناکام ہو گیا، جب کہ حملوں کے نتیجے میں پورے ملک میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ تازہ حملے میں 8 اسرائیلی ہلاک اور 67 زخمی ہوئے، جب کہ مجموعی طور پر اب تک 25 افراد جاں بحق اور 450 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ایران نے تقریباً 100 بیلسٹک میزائل فائر کیے جن میں سے کئی نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں اسرائیلی وزیراعظم کی رہائش گاہ کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ حیفہ پاور پلانٹ میں لگنے والی آگ کے باعث وسطی اسرائیل میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ کئی علاقوں میں مکمل بلیک آؤٹ رپورٹ ہوا ہے۔
تل ابیب، یروشلم، حیفہ، ایلات اور بیت یام ایران کے میزائلوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں درجنوں عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں کئی والدین کو اپنے زخمی بچوں کو اٹھائے سڑکوں پر مدد کے لیے دوڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اسرائیلی حکومت نے ملک بھر میں نافذ ہنگامی حالت میں 30 جون تک توسیع کر دی ہے۔ دوسری جانب امریکہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارتخانہ عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے، جسے ماہرین صورتحال کی سنگینی کا اعتراف قرار دے رہے ہیں۔
ایران کے ان حملوں کو اسرائیلی اہداف پر اب تک کا سب سے مہلک اور مربوط حملہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے خطے میں جنگ کے خدشات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔





