پاکستانی خبریں

اسرائیل میلی آنکھ سے دیکھنے کا سوچے بھی نہ، اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا: اسحاق ڈار

خلیج اردو
اسلام آباد:سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسرائیل کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کا سوچا بھی نہ جائے، ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جنگ کوئی مذاق نہیں، پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ اور چوکس ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیل سے کہیں بڑے دشمن کو شکست دی ہے، اس لیے ہمیں کسی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ "ہمارا نیوکلیئر پروگرام اور میزائل سسٹم ہماری دفاعی حکمت عملی کا لازمی جزو ہے، اور ان کا مقصد صرف اور صرف پاکستان کا تحفظ ہے۔”

وزیر خارجہ نے زور دیا کہ حالیہ دنوں میں پھیلائی گئی فیک نیوز اور گمراہ کن اطلاعات کے باعث عوام میں غیر ضروری تشویش پھیلائی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزارتِ خارجہ نے ایران سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، اور قوم کو ان معاملات میں محتاط اور ذمہ دار رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اگرچہ اسرائیلی وزیر اعظم کا بیان 2011 کا ہے، لیکن اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ "یہ اہم ہے کہ ہم دشمن کے بیانیے اور ارادوں سے مکمل باخبر رہیں اور اپنی دفاعی تیاریوں میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔”

نائب وزیر اعظم کا یہ بیان حالیہ علاقائی کشیدگی اور اسرائیلی بیانات کے تناظر میں آیا ہے، جس پر پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے سخت ردعمل دیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button