Uncategorized

بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے سفیر ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا امریکہ میں فقیدالمثال استقبال، اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب

خلیج اردو
واشنگٹن ڈی سی: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورۂ امریکہ کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کیا۔ آرمی چیف کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد جمع ہوئے اور انہوں نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، سمندر پار پاکستانیوں نے آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق کے دوران پاک فوج کی شاندار کارکردگی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو زبردست انداز میں سراہا۔ خطاب کے دوران فیلڈ مارشل نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ’’پاکستان کے سفیر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

آرمی چیف نے اوورسیز پاکستانیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات، تجربات اور تجاویز پاکستان کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں، اور ایک خوشحال و محفوظ پاکستان کی تشکیل کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

فیلڈ مارشل نے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

امریکہ میں موجود پاکستانی نژاد کمیونٹی نے نہ صرف آرمی چیف کے اعزاز میں زبردست اجتماع منعقد کیا بلکہ نیویارک ٹائمز اسکوائر، واشنگٹن ڈی سی اور دیگر مقامات پر پاکستان اور افواجِ پاکستان کے حوالے سے خوبصورت ویڈیوز بھی پیش کی گئیں۔ مختلف شاہراہوں پر ڈیجیٹل ٹرک کے ذریعے پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو اُجاگر کیا گیا۔

یہ فقیدالمثال استقبال اور عوامی پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ سمندر پار پاکستانی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کے دفاع اور ترقی میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button