خلیجی خبریں

قطر میں سیکیورٹی صورتحال مکمل طور پر مستحکم ہے، امریکی سفارتخانے کی ہدایت کے بعد حکام کا ردعمل

خلیج اردو
دوحہ: قطر میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے امریکی شہریوں کو "شیلٹر اِن پلیس” کی احتیاطی ہدایت جاری کرنے کے بعد قطری حکام نے واضح کیا ہے کہ ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال مکمل طور پر مستحکم اور کنٹرول میں ہے۔

قطری وزیراعظم کے مشیر اور وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الانصاری نے اپنے بیان میں کہا کہ غیر ملکی سفارتخانوں کی جانب سے جاری کی جانے والی یہ ایڈوائزریز کسی مخصوص یا قابلِ اعتماد خطرے کی عکاسی نہیں کرتیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ قطر کی سیکیورٹی ایجنسیاں صورتحال کا باریک بینی سے مشاہدہ کر رہی ہیں اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار کو امریکہ کی جانب سے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد پیر کے روز امریکی سفارتخانے نے امریکی شہریوں کو ای میل کے ذریعے اپنے گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت دی، جسے "احتیاطی اقدام” قرار دیا گیا۔

ڈاکٹر ماجد الانصاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر اپنے پیغام میں کہا کہ قطر میں صورتحال مستحکم ہے اور متعلقہ ادارے پوری طرح چوکنا ہیں۔ عوام کو تمام معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی سطح پر متحرک ہے اور علاقائی و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

یاد رہے کہ قطر نے ایران پر حالیہ بمباری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، اور تمام فریقین سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ فوجی کارروائیاں فوری بند کریں اور سفارتی مکالمے کی جانب واپس آئیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button