پاکستانی خبریں

اگر ہم ہیلی کاپٹر بھیج دیتے تو خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کو بھی حادثہ پیش آسکتا تھا،ہیلی کاپٹر نہ بھیجنے کا دفاع، بیرسٹر سیف کا مریم نواز پر تنقید، مولانا فضل الرحمان کو مبارکباد

خلیج اردو
پشاور – 30 جون 2025ء
خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے سوات سانحے کے بعد امدادی کارروائیوں پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے دن خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر بھیجنا ممکن نہیں تھا، کیونکہ اس صورت میں ہیلی کاپٹر کو بھی حادثہ پیش آ سکتا تھا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے سوات واقعے کو انتہائی المناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نہ صرف واقعے سے قبل ممکنہ سیلابی صورتحال سے عوام کو آگاہ کیا تھا بلکہ سانحے کے دن بھی 80 سے زائد افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے پنجاب میں پاکپتن کے اسپتال میں بچوں کی ہلاکت پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اگر خیبرپختونخوا میں واقعے پر استعفیٰ مانگا جا رہا ہے تو مریم نواز کو بھی اپنے صوبے میں ہونے والی اموات پر مستعفی ہونا چاہیے۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ "مریم نواز کو خیبرپختونخوا میں تو سب کچھ نظر آتا ہے مگر پنجاب میں مرتے لوگ نظر نہیں آتے۔ بہتر ہوگا وہ اپنے صوبے کے صحت کے نظام پر توجہ دیں۔”

مشیر اطلاعات نے گورنر خیبرپختونخوا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں "غیر سنجیدہ شخصیت” قرار دیا اور کہا کہ ان کی باتوں کا جواب دینا وقت کا ضیاع ہے۔

گفتگو کے اختتام پر بیرسٹر سیف نے مولانا فضل الرحمان کو 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی جدوجہد اس اہم پیش رفت کا باعث بنی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button