
خلیج اردو
لاہور، 3 جولائی 2025
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "پلاسٹک بیگ فری ڈے” کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پلاسٹک کا استعمال کینسر سمیت دیگر مہلک بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے، اس لیے پنجاب حکومت پلاسٹک سے پاک ماحول کی جانب تیزی سے پیش قدمی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز کی جگہ ماحول دوست کپڑے اور کاغذ کی تھیلیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ مہم کے تحت سکولوں، کالجوں اور کمیونٹیز میں شعور و آگاہی کی سرگرمیاں جاری ہیں تاکہ عوام کو پلاسٹک کے مضر اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ پنجاب میں ری سائیکلنگ دوست متبادل بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ ماحول کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ پنجاب روز بروز پلاسٹک فری ہونے کی جانب بڑھ رہا ہے اور یہ مہم ایک محفوظ، صحت مند اور سبز مستقبل کی بنیاد بنے گی۔






