پاکستانی خبریں

اسلام آباد ایکسائز کا انقلابی اقدام، گاڑیوں کی رجسٹریشن اب ملکیت کی بنیاد پر ہوگی

خلیج اردو
اسلام آباد:اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق بڑا اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ملکیتی بنیاد پر رجسٹریشن نمبر پلیٹ کے اجرا کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اب گاڑی کی رجسٹریشن نمبر پلیٹ گاڑی کے بجائے مالک کے نام سے منسلک ہو گی، اور کسی گاڑی کی فروخت یا ٹرانسفر کی صورت میں پرانا نمبر نئی ملکیت کو منتقل نہیں کیا جائے گا۔

اسلام آباد ایکسائز کے ڈائریکٹر بلال اعظم کے مطابق:

“فروخت کے بعد پرانا نمبر اسلام آباد ایکسائز میں جمع کرانا لازم ہو گا۔ یہ نمبر ایک سال تک سابقہ مالک کے پاس بلا استعمال محفوظ رہے گا۔”

انہوں نے مزید واضح کیا کہ ایک سال کے اندر اگر پرانا نمبر کسی نئی گاڑی پر الاٹ نہ کیا گیا تو وہ نمبر خود بخود منسوخ تصور کیا جائے گا۔

اس نئے قانون کا اطلاق پرانے اور نئے دونوں نمبروں پر ہوگا، یعنی سابقہ جاری شدہ نمبر پلیٹس بھی اسی اصول کے تحت عمل میں آئیں گی۔

اسلام آباد ایکسائز کے اس فیصلے کو ملک بھر میں گاڑیوں کی ملکیت اور ٹریکنگ کے نظام میں شفافیت لانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جس سے گاڑیوں کی خرید و فروخت کے مراحل مزید منظم اور محفوظ بن سکیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button