
خلیج اردو
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود سے مشروط ہیں اور ان میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مواصلاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں ٹنلز کی تعمیر طویل راستوں کو سہل اور مختصر بنائے گی، جس سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ رکھنی بیکڑ روڈ سمیت دیگر اہم منصوبے بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کی شاہراہ سے جوڑیں گے، جو نہ صرف مقامی آبادی کے لئے سہولیات پیدا کریں گے بلکہ صوبے کو معاشی خود کفالت کی راہ پر بھی گامزن کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور مربوط مواصلاتی نظام بلوچستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات مل سکیں۔






