پاکستانی خبریں

سندھ: معروف ٹک ٹاکر سمیرہ راجپوت زبردستی شادی سے انکار پر مبینہ طور پر زہر دے کر قتل

خلیج اردو
گھو ٹکی: سندھ کے ضلع گھوٹکی کے باگو واہ علاقے میں معروف ٹک ٹاکر سمیرہ راجپوت پر زبردستی شادی کا دباؤ ڈالنے اور انکار پر زہر دے کر قتل کرنے کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آ گیا۔ سمیرہ کی 15 سالہ بیٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی والدہ کو زہریلی گولیاں کھلا کر قتل کیا گیا۔

گھوٹکی کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر انور شیخ کے مطابق متاثرہ کی بیٹی نے بتایا کہ سمیرہ راجپوت پر کافی عرصے سے زبردستی شادی کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا تھا اور انکار پر ملزمان نے انہیں زہریلی گولیاں دے دیں جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے تاہم تاحال ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے اور زہر دیے جانے کے شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

سمیرہ راجپوت کے ٹک ٹاک پر 58 ہزار سے زائد فالورز اور ایک ملین سے زائد لائکس تھے۔ ان کے قتل کا واقعہ خواتین سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کی ایک اور کڑی بن گیا ہے۔ گزشتہ ماہ اسلام آباد کے سیکٹر جی-13/1 میں 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو بھی گھر میں گھس کر قتل کر دیا گیا تھا۔

خواتین کے خلاف اس بڑھتی ہوئی پرتشدد روش پر شہری حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس پر بھی شفاف تحقیقات اور فوری انصاف فراہم کرنے کیلئے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button