
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات میں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت کی درخواست مسترد کیے جانے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی آرز میں ثبوتوں کا فقدان ہے اور 9 مئی واقعات میں معاونت کا الزام بے بنیاد ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نیب کی حراست میں تھے، اس لیے ان پر جرم میں براہ راست ملوث ہونے کا الزام بے بنیاد ہے۔ پراسیکیوشن کے متضاد بیانات نے کیس کو مشکوک بنا دیا ہے اور ان مقدمات میں مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس نے پانچ ماہ تک بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سے گریز کیا، جو بدنیتی کا مظہر ہے۔ عمران خان کے خلاف ثبوت ناکافی ہیں جبکہ دیگر ملزمان کو انہی مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے، جس کی بنیاد پر عمران خان کو بھی ضمانت کا حق دیا جانا چاہیے۔






