
خلیج اردو
منیلا: بھارت نے فلپائنی شہریوں کو سیاحت کے فروغ کے لیے بڑا ریلیف دے دیا۔ یکم اگست 2025 سے فلپائنی مسافروں کو بھارت کے لیے 30 دن کا مفت ای-ٹورسٹ ویزہ فراہم کیا جائے گا، جو ابتدائی طور پر 31 جولائی 2026 تک مؤثر ہوگا۔
یہ اعلان حالیہ دنوں میں بھارتی حکومت کی جانب سے فلپائنی صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر کے دورۂ بھارت کے بعد سامنے آیا۔
بھارت میں فلپائن کے شہریوں کے لیے بھارتی سفارتخانے نے مکمل رہنمائی فراہم کرتے ہوئے ای-ویزا کے حصول کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔
ای ویزا کے لیے درخواست دہندگان کو کم از کم چار دن پہلے اور زیادہ سے زیادہ 30 دن پہلے آن لائن درخواست دینا ہوگی۔ ویزہ درخواست دینے کے لیے لنک درج ذیل ہے:
[https://indianvisaonline.gov.in/evisa/tvoa.html]
درخواست دہندہ کے پاسپورٹ کی کم از کم مدت 6 ماہ ہونی چاہیے، جبکہ بھارت میں داخلے کے وقت امیگریشن حکام کی جانب سے واپسی یا اگلی منزل کی ٹکٹ اور اخراجات کے لیے مناسب رقم کے ثبوت کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے۔
ای ویزا 30 دن کے لیے ہوگا اور اس پر دو بار بھارت آنے کی اجازت ہوگی، تاہم یہ مدت ویزا کی پہلی آمد کی تاریخ سے شروع ہوگی۔
واضح رہے کہ یہ ویزا صرف 30 دن کے سیاحتی دورے کے لیے مفت ہوگا، جبکہ طویل مدتی سیاحتی، بزنس، میڈیکل، کانفرنس یا تعلیمی ویزوں کے لیے مقررہ فیس وصول کی جائے گی۔
ای ویزا میں توسیع یا تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی اور یہ بھارت کے محفوظ، حساس یا عسکری علاقوں میں داخلے کے لیے کارآمد نہیں ہوگا۔
بھارتی سفارتخانے سے عام (کاغذی) ویزہ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو مقررہ فیس ادا کرنا ہوگی۔
**India announces free 30-day e-Tourist visa for Filipino travellers**
**Khaleej Urdu**
**Dateline: Manila**






