متحدہ عرب امارات

آسٹریلوی ‘مشروم قاتلہ’ نے شوہر کو زہریلا چکن کورما کھلا کر مارنے کی کوشش کی، نئے الزامات منظر عام پر

خلیج اردو
سڈنی: آسٹریلیا کی معروف ’مشروم مرڈرر‘ ایرن پیٹرسن پر نیا الزام عائد ہوا ہے کہ اس نے اپنے علیحدہ رہنے والے شوہر کو چکن کورما میں زہر ملا کر قتل کرنے کی کوشش کی۔ یہ انکشاف اس وقت ہوا جب عدالت کی طرف سے پابندی ختم ہونے کے بعد جمعے کو تفصیلات منظر عام پر آئیں۔

ایرن پیٹرسن کو جولائی میں اپنے ساس، سسر اور شوہر کی پھوپھی کو 2023 میں زہریلے مشرومز والے بیف ویلنگٹن لنچ کے ذریعے قتل کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔ اس مقدمے کے دوران کچھ سنگین الزامات کو عوام اور جیوری سے اس لیے چھپایا گیا تاکہ انہیں منصفانہ ٹرائل مل سکے۔

عدالت عالیہ کے جسٹس کرسٹوفر بیل نے ان اضافی الزامات پر عائد پابندی برقرار رکھنے کی درخواست مسترد کر دی۔

پولیس کے مطابق ایرن نے 2021 سے 2022 کے درمیان اپنے شوہر سائمن پیٹرسن کو تین مختلف مواقع پر قتل کرنے کی کوشش کی۔ تازہ شواہد کے مطابق ایرن نے انہیں زہریلے پاسٹا، چکن کری اور سبزیوں والے رول کھلانے کی کوشش کی تھی۔

سائمن نے گزشتہ برس ایک سماعت میں بیان دیا کہ ایرن نے اس سے ایک بار کہا کہ وہ مختلف کریز کا "ٹیسٹ” کرے تاکہ وہ آئندہ ان کے ذوق کے مطابق بنائے جا سکیں۔ لیکن جب انہوں نے 2022 میں ایک کیمپنگ ٹرپ کے دوران ایرن کا بنایا ہوا چکن کورما کھایا، تو وہ اچانک بیمار ہو گئے، قے شروع ہوئی، اور پھر وہ کوما میں چلے گئے۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے ان کی آنت کا ایک حصہ نکال دیا۔

سائمن نے ایک ڈاکٹر کو بتایا کہ انہیں شک ہے کہ ایرن انہیں جان بوجھ کر زہر دے رہی ہے۔ خاص طور پر تب جب ایرن نے انہیں گھر کے بنے ہوئے بسکٹ بھیجے اور بار بار فون کر کے پوچھتی رہی کہ کیا انہوں نے بسکٹ کھائے یا نہیں۔

یہ الزامات پراسیکیوشن نے مرکزی مقدمے سے پہلے ہی واپس لے لیے تھے، تاہم اب جب عدالتی پابندی ہٹا دی گئی ہے، تو تفصیلات عوام کے سامنے آ گئی ہیں۔

ایرن پیٹرسن نے جولائی 2023 میں ایک نجی دعوت کا اہتمام کیا تھا، جو پرخلوص دعا اور خوشگوار بات چیت کے ساتھ شروع ہوئی لیکن تین مہمانوں کی ہلاکت پر ختم ہوئی۔

جیوری نے ایرن کو اپنے ساس سسر، ڈان اور گیل پیٹرسن، اور شوہر کی پھوپھی ہیدر ولکنسن کو قتل کرنے کا مجرم قرار دیا۔ وہ ہیدر کے شوہر ایان ولکنسن، جو ایک معروف چرچ کے پادری ہیں، کو قتل کرنے کی کوشش میں بھی قصوروار پائی گئیں۔

اس مقدمے نے نہ صرف آسٹریلیا بلکہ دنیا بھر کی توجہ حاصل کی، اور ’مشروم مرڈر‘ کے نام سے شہرت حاصل کی۔ ایرن پیٹرسن اب 25 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش ہوں گی تاکہ ان کی سزا کا تعین کیا جا سکے، جبکہ ان کے وکیل کے پاس سزا کے بعد 28 دن کا وقت ہو گا اپیل دائر کرنے کے لیے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button