
خلیج اردو
ایریزونا — 16 ستمبر 2025
امریکہ کے دائیں بازو کے سیاسی کارکن چارلی کرک کی آخری رسومات کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے، جو کرک نے 2012 میں قائم کی تھی، کے مطابق یادگاری تقریب 21 ستمبر کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے ہوگی جبکہ دروازے صبح 8 بجے کھول دیے جائیں گے۔
یہ تقریب اسٹیٹ فارم اسٹیڈیم، 1 کارڈینلز ڈرائیو، گلینڈیل، ایریزونا میں ہوگی۔ شرکت پہلے آؤ، پہلے پاؤ کی بنیاد پر ہوگی جبکہ دلچسپی رکھنے والے افراد ‘Fight for Charlie’ ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دے سکیں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کرک کے جنازے میں شریک ہوں گے۔
چارلی کرک کو 10 ستمبر کو یوٹاہ ویلی یونیورسٹی میں ایک ریلی کے دوران فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں جن میں انہیں گردن پر گولی لگنے کے بعد خون میں لت پت دیکھا گیا۔ اگلے روز پولیس نے 22 سالہ ٹائلر رابنسن کو گرفتار کیا، جس پر الزام ہے کہ وہ حالیہ دنوں میں کرک کے خیالات پر تنقید کرتا رہا تھا۔
یوٹاہ کے گورنر اسپینسر کاکس کے مطابق ملزم پولیس سے تعاون نہیں کر رہا، تاہم حکام اس کے دوستوں اور اہل خانہ سے رابطہ کر کے محرکات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کرک کی موت نے امریکہ بھر میں گہرا اثر ڈالا ہے۔ ان کے چاہنے والوں نے ملک بھر میں شمع بردار تقریبات منعقد کیں جبکہ ناقدین نے ان کے انتقال پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس رویے پر ان کے حامیوں نے سخت ردعمل دیا اور امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے فوجیوں کو ہدایت کی کہ وہ ایسے ساتھیوں کی نشاندہی کریں جنہوں نے کرک کی موت پر جشن منایا۔
ایئرلائنز سمیت کئی اداروں نے بھی سخت ایکشن لیا۔ امریکن ایئرلائنز نے ایسے پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا جنہوں نے کرک کی ہلاکت پر خوشی ظاہر کی تھی۔
چارلی کرک اپنے بیانیے کی وجہ سے ایک متنازع شخصیت تھے۔ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری بار وائٹ ہاؤس میں لانے کی مہم میں سرگرم رہے اور اسلحہ رکھنے، اسقاط حمل کی مخالفت اور سخت گیر امیگریشن پالیسیوں کے حامی تھے۔







