خلیج اردو: زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے سعودی عرب نے پانچ امدادی طیارے بھیج دئیے۔ جمعہ کو تیسرا سعودی امدادی طیارہ 104 ٹن اور 62 کلو گرام امدادی سامان لے کر جمہوریہ ترکیہ کے غازی عنتاب ایئرپورٹ پر پہنچ گیا ۔ اس طیارے میں میں کھانے پینے کی اشیاء، خیمے، کمبل، قالین اور شیلٹر بیگز اور طبی سامان بھیجا گیا ہے۔ امدادی طیارے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر روانہ کئے جارہے ہیں۔
یہ طیارہ سعودی عرب کے فضائی پل کے فریم ورک کے اندر سامان لیکر ترکیہ پہنچا ہے۔ اس فضائی پل کو شاہ سلمان سنٹر فار ریلیف اینڈ ہیومینٹیرین ایکشن کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔ فضائی پل کا مقصد شام اور ترکیہ میں زلزلے سے متاثر افراد کی مدد کرنا ہے
چوتھے اور پانچویں سعودی امدادی طیارے بھی کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو لے کر روانہ ہوگئے۔ ان طیاروں میں ضرورت کا تمام سامان جس میں مشینری، آلات، پمپس، طبی ادویات، تکنیکی آلات وغیرہ شامل ہیں موجود ہیں۔ تکنیکی آلات میں ملبے تلے دبے لوگوں کی تلاش میں کام کرنے والے آلات موجود ہیں۔