خلیج اردو: کینیڈا نے ایران میں یوکرین کا طیارہ گرائے جانے کے معاملے کی حتمی رپورٹ تیار کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کا طیارہ مار گرائے جانے کے معاملے پر کینیڈا کی جانب سے تیار کی جانے والی حتمی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ طیارے کو گرائے جانے کا فیصلہ سینئر ایرانی حکام کی جانب سے کیا گیا۔
کینیڈین فرانزک رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ایران نے طیارے کے معاملے پر کچھ خدشات کو بھی نظر انداز کیا جس کے نتیجے میں واقعہ پیش آیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی حکومت طیارہ گرائے جانے کے معاملے پر مناسب وضاحت دینے میں بھی ناکام رہی۔
اس سے قبل جون کے آغاز میں ہی کینیڈا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کی جانب سے متاثرین کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر مالی امداد کے اعلان کو مسترد کردیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ متاثرین کے لیے مالی امداد سے زیادہ اہم انصاف ہے لیکن سب سے پہلے جہاز کو تباہ کرنے کے معاملے میں پیچھے چھپے سچ کو سامنے لانے کی ضرورت ہے۔
جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران ایران نے 8 جنوری 2020 کو یوکرین کا طیارہ مار گرایا تھا جس کے نتیجے میں 176 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔
بعد ازاں ایرانی حکومت نے اس معاملے پر اپنی غلطی بھی تسلیم کی تھی اور متاثرین کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔