خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان میں حزب اختلاف کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا نام حکومت نے ای سی ایل میں شامل کر لیا ہے۔ جیو نیوز کی خبر کے مطابق مسٹر گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی وفاقی کابینہ نے منظوری دی ہے۔
شہباز گل کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کی تھی جس پر عمل کرتے ہوئے حکومت نے اس کی منظوری دی ہے اور اب شہباز گل بیرون ملک سفر نہیں کر پائیں گے۔
شہباز گل حالیہ دنوں میں ایک اہم نوعیت کے مقدمے میں نامزد کیے گئے جہاں ان پر قومی سلامتی کے اداروں کے رینکس اینڈ فائل میں بغاوت برپا کرنے کا الزام ہے۔ ان پر فوج کے خلاف سازش کے ذریعے بیانیہ بنانے کا بھی الزام ہے۔
شہباز شریف کو اس مقدمے میں گرفتار کرکے جیل بھی بھجا جا چکا ہے تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کیا ہے۔ شہباز گل نے دوران حراست خود پر جنسی اور جسمانی تشدد کا الزام لگایا ہے جس کی نہ صرف اسلام آباد پولیس نے تردید کی ہے بلکہ پمز اسپتال میں کرائے جانے والے ان کے طبی معائنے میں ایسے کسی الزام کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔