پاکستانی خبریںعالمی خبریں

دہشتگردی صرف پاکستان کا نہیں بلکہ اقوام عالم کا مسئلہ ہے،افغان طالبان کی جانب سے بچیوں کی تعلیم پر پابندی بارے تشویش ہے، ترجمان دفتر خارجہ

خلیج اردو
اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ چاہتا ہے، دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اس کا خاتمہ تمام ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان امریکہ ،روس ،چین سمیت تمام بڑی طاقتوں سے متوازن تعلقات چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکہ پر بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دورہ امریکہ کے دوران دوطرفہ ملاقاتیں کیں اور نیویارک میں دو اجلاسوں میں بھی شرکت کی ہے۔ وزیر خارجہ نے سیکورٹی کونسل میں مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی غیرقانونی اقدامات کو اٹھایا، اور اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان نے بھارتی عدالت سے یاسین ملک کو جعلی مقدمے میں سزا کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور غاصبانہ ہتھکنڈے انتہائی قابل مذمت ہیں۔

ایک سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان حکومت بچیوں کی تعلیم سمیت بہت سے معاملات پر دنیا کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی جبکہ دہشت گردی کے حوالے سے بھی پاکستان اور دنیا کے تحفظات برقرار ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی عدالت سے نامور حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کو جعلی مقدمے میں سزا کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور غاصبانہ ہتھکنڈے انتہائی قابل مذمت ہیں۔۔ یاسین ملک کو سزا دینا سوچی سمجھی بھارتی سازش ہے۔ بھارتی حکومت ان کے عدالتی قتل کی تیاریاں کررہی ہے۔ پاکستان اس گھناؤنے منصوبے کی مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کراچی میں خود کش حملے کے بعد ملک میں مقیم چینی باشندوں کی وطن واپسی کی اطلاعات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ کچھ چینی اساتذہ موسم گرما کی تعطیلات گزارنے چین گئے ہیں جو مقررہ مدت کے بعد پاکستان واپس آجائیں گے۔۔۔ پاکستان سی پیک منصوبے میں کام کرنے والے چینی باشندوں کے تحفظ سے بخوبی آگاہ ہے۔۔ کسی کو پاک چین دوستی خراب نہیں کرنے دی جائے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button