خلیج اردو
دبئی: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی۔
عزت مآب شیخ محمد بن راشد نے وزیراعظم کا دبئی میں خیرمقدم کیا اور ان کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ان کا اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کرنے پر عزت مآب کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کو ایک قابل اعتماد سیاسی اور اقتصادی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔
انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید گہرا کرنے کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔
دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچانے کے لیے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو ہر سطح پر بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنے اور انہیں ٹھوس شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان رابطے کو تیز اور مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
عزت مآب شیخ محمد نے پاکستانی کمیونٹی کی لگن اور محنت کی تعریف کی جس نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی تعلقات کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے عزت مآب کو باہمی طور پر مناسب تاریخوں پر دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔