
خلیج اردو
کراچی: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابق پی ٹی آئی حکومت کے غلط فیصلوں کا بوجھ موجودہ حکومت نے اٹھایا اور مشکل فیصلے کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ "اڑان پاکستان” پروگرام ملک کی ترقی کا اہم منصوبہ ہے جو تعلیمی شعبے میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات پر مبنی ہے۔
احسن اقبال نے بتایا کہ حکومت کے مؤثر معاشی اقدامات کے باعث پالیسی ریٹ میں کمی ممکن ہوئی، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن، استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور مؤثر اصلاحات ہی ترقی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں بارہا ملکی ترقی کا سفر روکا گیا اور سیاسی عدم استحکام نے معاشی سمت کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، اسی لیے موجودہ حکومت ہر محاذ پر ملکی مفاد میں فیصلے کر رہی ہے تاکہ پاکستان ایک خوشحال اور مستحکم ریاست بن سکے۔






