پاکستانی خبریں

نومئی مقدمات میں ٹرائل چار ماہ میں مکمل کیا جائے، سپریم کورٹ کی ہدایت

خلیج اردو
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت منسوخی کی اپیلیں نمٹاتے ہوئے انسداد دہشتگردی عدالتوں کو ہدایت دی ہے کہ تمام کیسز کا ٹرائل چار ماہ میں مکمل کیا جائے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، جس دوران جسٹس یحییٰ آفریدی نے واضح کیا کہ خدیجہ شاہ سمیت تمام ملزمان کو ان کے قانونی حقوق دیے جائیں گے۔

سماعت کے دوران وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹس کی آزادی کو بھی یقینی بنایا جائے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالتوں کی خودمختاری سے متعلق معاملہ حل ہو چکا ہے، متعلقہ فیصلہ پڑھ لیا جائے۔ عدالت نے ہدایت دی کہ ملزمان کو فردِ جرم اور تمام متعلقہ دستاویزات فراہم کی جائیں۔

عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں علی رضا کی درخواست ضمانت پر ریمارکس دیے کہ اگر میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت دی گئی تو دیگر تمام قیدیوں کو بھی اسی بنیاد پر رہا کرنا پڑے گا۔ فواد چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مقدمات اب تک مقرر نہیں ہوئے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کا کیس کل سماعت کیلئے مقرر کر دیا جائے گا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ 9 مئی کے تمام مقدمات جمعرات کو سماعت کیلئے مقرر کیے جائیں، جبکہ عمر سرفراز چیمہ کو جسمانی ریمانڈ سے متعلق اپیل پر نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button