
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ملک کی فضائی حدود کو ہر قسم کی پروازوں کے لیے مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اب ملک کے تمام ہوائی اڈے معمول کے فلائٹ آپریشن کے لیے دستیاب ہیں اور تمام اندرون و بیرون ملک پروازیں شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مسافروں سے گزارش کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی تاخیر یا تبدیلی سے بچنے کے لیے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کی معلومات حاصل کریں۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں فضائی پابندیوں کے باعث متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں تھیں، تاہم اب فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال ہو چکا ہے۔






