
خلیج اردو
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واضح اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جلد تحریک کا آغاز کریں گے اور پورا پاکستان اس تحریک کو دیکھے گا۔ ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف سے کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، اس لیے ہم پورے پاکستان میں اپنے اپنے علاقوں میں تحریک شروع کریں گے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ وہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے، گورنر سے ملاقات کا کوئی مقصد نہ تھا، اور نہ ہی وہ اپنی ملاقاتیں چھپاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست نعروں کے لیے نہیں بلکہ عوامی خدمت کے لیے کی جاتی ہے۔
خطاب کے دوران علی امین گنڈاپور اپنی ہی پارٹی کی خیبر پختونخوا میں سابق حکومتوں پر برس پڑے۔ انہوں نے صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں کی زبوں حالی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دل کے مریضوں کو تین تین ماہ بعد کی تاریخیں دی جا رہی ہیں، جو عوامی نمائندوں کے لیے باعث شرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ، ملاوٹ اور دھوکہ دہی سے بیماریاں اور بے سکونی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ جو شخص عوامی تنخواہ لے کر کام نہیں کرتا وہ خیانت کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کا صرف ایک سرکاری اسپتال پورے خیبر پختونخوا کا بوجھ اٹھا رہا ہے اور کئی ایسے حلقے بھی ہیں جہاں ایک بھی کالج موجود نہیں۔ انہوں نے پشاور ٹی ایم اے میں سفارشی بنیادوں پر بھرتیوں کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وہاں کچھ لوگ خود کو نواب سمجھتے ہیں۔







