
خلیج اردو
راولپنڈی، 10 جولائی 2025:
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہیں۔ فورم میں زور دیا گیا کہ عوام کی سلامتی اور تحفظ پاک افواج کی اولین ترجیح ہے، اور ہمارے شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔
کانفرنس میں حالیہ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ فورم نے ان حملوں کے پس منظر میں بھارتی پراکسی نیٹ ورکس کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔
فورم میں اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پہلگام واقعے میں واضح شکست کے بعد بھارت اب فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے عناصر کے ذریعے اپنے مذموم عزائم کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
فورم کو آرمی چیف نے پاکستان کے وزیر اعظم کے ہمراہ ایران، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حالیہ سفارتی دوروں کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں، جنہیں کامیاب اور بامقصد قرار دیا گیا۔ علاوہ ازیں آرمی چیف کے تاریخی اور منفرد دورۂ امریکہ پر بھی فورم کو بریفنگ دی گئی، جس میں علاقائی و عالمی معاملات پر پاکستان کے مؤقف کو براہِ راست امریکی قیادت کے سامنے پیش کیا گیا۔
موجودہ داخلی و خارجی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فورم نے خاص طور پر مشرق وسطیٰ اور ایران میں طاقت کے استعمال کو ایک پالیسی ٹول کے طور پر اختیار کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔ فورم نے زور دیا کہ اس بدلتے ہوئے عالمی رجحان کے پیش نظر پاکستان کو اپنی خود انحصاری کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا اور قومی اتحاد و عزم کو ترجیح دینی ہوگی۔
بھارت کی طرف سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات اور دو طرفہ فوجی کشیدگی میں تیسرے فریق کو شامل کرنے کی کوشش پر تبصرہ کرتے ہوئے آرمی چیف نے واضح کیا کہ یہ بلاک سیاست کی غیر سنجیدہ کوشش ہے، جس کا مقصد بھارت کو خطے میں ایک خود ساختہ سکیورٹی فراہم کرنے والے کے طور پر پیش کرنا ہے۔ تاہم دنیا اب بھارتی بالادستی کے خوابوں اور ہندوتوا انتہا پسندی کے خطرناک رجحانات سے بخوبی آگاہ ہو چکی ہے۔






