پاکستانی خبریں

خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ۔۔ایک اور فوجی افسر مادروطن پر قربان،دو دہشت گرد ٹھکانے لگادیئے گئے

خلیج اردو
اسلام آباد:شمالی وزیرستان مین سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا،، پاک فوج کے آفیسر کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ شہید کیپٹن کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے۔

 

کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کی عمر 24 سال تھی، اکتوبر 2020 میں پاک فوج کی این ایل آئی رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ 4 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ انجام دیا، جبکہ شہید کے سوگواروں میں والد، والدہ، ایک بھائی اور چار بہنیں شامل ہیں۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہناہے کہ علاقے میں دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ تاہم پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button