
خلیج اُردو
اسلام آباد میں منعقدہ قومی علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کا آپس میں گہرا اور روحانی تعلق ہے۔ انہوں نے تاریخی دفاعی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام مسلم ممالک میں سے حرمین شریفین کی حفاظت کا اعزاز پاکستان کو عطا کیا ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ جس قوم نے علم اور قلم کو چھوڑا، وہاں انتشار اور فساد نے جگہ لے لی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عزت اور طاقت تقسیم سے نہیں بلکہ محنت اور علم سے حاصل ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پاکستان کا نہیں بلکہ ہندوستان کا وطیرہ ہے، اور پاکستانی قوم دشمن کو چھپ کر نہیں بلکہ للکار کر جواب دیتی ہے۔
خطاب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلامی ریاست میں جہاد کا حکم صرف ریاست دے سکتی ہے، کوئی فرد یا گروہ اس کا حق نہیں رکھتا۔ انہوں نے معرکہ حق میں اللہ کی مدد سے حاصل ہونے والی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علما قوم کو متحد رکھیں اور ان کی نظر میں وسعت پیدا کریں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب کا اختتام اس عزم کے ساتھ کیا کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔






