عالمی خبریں

ایمیزون کا انڈیا میں 35 ارب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کا اعلان

خلیج اُردو
دنیا کی معروف ای کامرس کمپنی ایمیزون نے اگلے پانچ سالوں میں انڈیا میں 35 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے سینیئر نائب صدر ایمرجنگ مارکیٹس امیت اگروال نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس خطیر سرمایہ کاری کا مقصد انڈیا میں آپریشنز میں توسیع اور مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔

امسال بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے انڈیا میں اربوں ڈالر کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ صرف ایک روز قبل مائیکروسافٹ نے 2030 تک اے آئی اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر پر ساڑھے 17 ارب ڈالر خرچ کرنے کا اعلان کیا، جو ایشیا میں کمپنی کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہو گی۔ اسی طرح گوگل بھی اگلے پانچ برس میں اے آئی ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے لیے 15 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔

ایمیزون کے مطابق اس سرمایہ کاری کا مقصد ایشیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ پچھلی دہائی میں وہ انڈین برآمد کنندگان کو 20 ارب ڈالر سے زائد مصنوعات بیرون ملک بھیجنے میں مدد دے چکی ہے اور 2030 تک اس حجم کو 80 ارب ڈالر تک پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

روئٹرز کے مطابق ایمیزون 2010 سے اب تک انڈیا میں 40 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر چکی ہے، جس کے بعد اب مزید 35 ارب ڈالر کے اعلان نے انڈیا میں ٹیکنالوجی کے شعبے کی سرمایہ کاری کی دوڑ کو اور تیز کر دیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button