
خلیج اردو
راولپنڈی: 28 جون 2029 — چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج کور ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اپنے دورے کے دوران آرمی چیف نے بنوں گیریژن کے سانحے میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور سی ایم ایچ بنوں میں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ انہوں نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی جرات، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہے اور یہ جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی میں ملوث تمام سہولت کاروں، مددگاروں اور مجرموں کو کسی بھی قیمت پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور خطے میں دہشتگردی کے اصل سرپرست کا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔
آرمی چیف نے یقین دہانی کرائی کہ ہر بے گناہ پاکستانی کا خون ضرور لیا جائے گا اور ملکی استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کوشش کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل نے خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر سول اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ حکومتی اداروں سے اپیل کی کہ وہ ان اصلاحات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاک فوج ان اداروں کی استعداد بڑھانے میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
کور ہیڈکوارٹر پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر پشاور نے کیا۔






