پاکستانی خبریں

آئینی عدالت کا قیام تاریخی سنگِ میل، چیف جسٹس امین الدین خان کا پہلا پیغام جاری

خلیج اردو
چیف جسٹس آئینی عدالت امین الدین خان نے عدالت کے قیام کے بعد اپنا پہلا اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی تشریح شفافیت، آزادی اور دیانت کے ساتھ کی جائے گی اور بنیادی حقوق کا تحفظ عدالت کی اولین ترجیح ہو گا۔ انہوں نے شفافیت اور عوامی رسائی کو آئینی عدالت کا بنیادی سنگِ میل قرار دیا۔

چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اس عدالت کا قیام پاکستان کی قومی آئینی جدوجہد میں ایک تاریخی قدم ہے، جو قانون کی حکمرانی اور آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دیرپا وعدے سے اجتماعی وابستگی کی تجدید کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کو ایک نہایت نازک اور اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے، جس کا کردار محض قضائی نہیں بلکہ ایک مقدس امانت ہے جو شہریوں کی زندگیوں، آزادیوں اور امنگوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے۔

اپنے پیغام میں چیف جسٹس نے عزم ظاہر کیا کہ عدالت کو دیانت، غیر جانب داری اور علمی بصیرت کی اعلیٰ مثال بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے سامنے آنے والے ہر معاملے کو آئین کی بالادستی، انصاف کے اصولوں اور عدالتی وقار کو ملحوظ رکھتے ہوئے غیر معمولی احتیاط اور منصفانہ انداز میں نمٹایا جائے گا۔

چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آئینی عدالت ایسی عدالتی روایت تشکیل دینے کی خواہاں ہے جو مدلل فیصلوں، ادارہ جاتی وقار اور عوامی اعتماد پر مبنی ہو، کیونکہ یہی خوبیاں کسی بھی آئینی عدالت کی مضبوط بنیاد ہوتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button