
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال اشتعال انگیزی کی جانب نہیں جائے گی، تاہم اس کا امکان موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پہلے سے تیار ہیں اور اگر ایسا حملہ کیا گیا جیسا کہ ماضی میں ہوا، تو پاکستان کا جواب بھی ویسا ہی ہوگا۔
خواجہ آصف نے برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو ختم نہیں کر سکتا اور اگر ایسا کیا گیا تو پاکستان ورلڈ بینک کے پاس جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی نفرت کی سیاست اس کے ٹکڑے کر دے گی اور نریندر مودی کو محبت اور رواداری کی سیاست اپنانا ہوگی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اگر بھارت نے ہندوتوا کا پرچار جاری رکھا تو اس کے اثرات اس پر اتنے گہرے ہوں گے کہ بھارت کے ٹکڑے ہو جائیں گے اور گنتی بھی نہیں کی جا سکے گی۔ خواجہ آصف نے نریندر مودی کو یہ بھی مشورہ دیا کہ بھارت کے اندر شانتی برقرار رکھیں اور ہمسایوں کے ساتھ بھی شانتی سے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کی کارروائیاں کینیڈا، امریکہ اور ہمسایہ ممالک کو ایکسپورٹ نہ کرے، اور اپنی "اوقات” میں رہیں۔