پاکستانی خبریں

حکومت نے آرمی چیف کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی کی منظوری دیدی، ایئر چیف کو بھی ایکسٹنشن

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے ایک اہم اجلاس میں ملکی دفاع، قومی سلامتی اور عسکری قیادت سے متعلق کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعظم نے پوری پاکستانی قوم کو آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس معرکہ حق میں دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا۔

اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمت عملی اور دلیرانہ عسکری قیادت کی روشنی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی باقاعدہ منظوری دی۔

وزیراعظم نے اس فیصلے پر صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں مکمل اعتماد میں لیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ارکان نے کہا کہ پاکستان حالیہ دنوں ایک کٹھن مرحلے سے گزرا، جب بھارت نے 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب بلا اشتعال اور بلا جواز جنگ کا آغاز کیا۔ بھارت نے حملے میں پاکستانی سول آبادی کو نشانہ بنایا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ دشمن کی جانب سے ملک کی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کو پامال کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔

کابینہ نے جنرل عاصم منیر کی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاک فوج کی قیادت مثالی جرات اور استقامت سے کی، اور تمام مسلح افواج کی جنگی حکمت عملی کو مؤثر طور پر ہم آہنگ کر کے تاریخی کامیابی حاصل کی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے باوجود ان کی خدمات کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔

وفاقی کابینہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ افواجِ پاکستان کے افسران، جوان، غازیان، شہداء، اور دیگر متعلقہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو آپریشن بنیان مرصوص کے دوران شاندار خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ سرکاری اعزازات سے نوازا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button