
خلیج اردو
راولپنڈی، 20 مئی 2025: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعزاز سے نوازے جانے کے بعد ان کا پہلا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اس اعزاز کو پوری قوم، افواجِ پاکستان، اور خاص طور پر شہداء و غازیوں کے نام کیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا:
"فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔ یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
"یہ اعزاز میں پوری قوم، افواجِ پاکستان، خاص کر سول اور ملٹری شہداء اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔”
فیلڈ مارشل نے صدر مملکت، وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:
"صدر پاکستان، وزیر اعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں۔ یہ اعزاز قوم کی امانت ہے، جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان کیے جا سکتے ہیں۔”
آخر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قوم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعتماد اور محبت ہمیشہ ان کی طاقت رہے گی۔






