
خلیج اردو
اسلام آباد: 22 مئی، 2025
آرمی چیف سید عاصم منیر کو وطن عزیز کے دفاع اور بےمثال قیادت کے اعتراف میں فیلڈ مارشل کا تاریخی اعزاز دے دیا گیا۔ ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ پُروقار تقریب میں صدر مملکت اور وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں باضابطہ طور پر "بیٹن آف فیلڈ مارشل” پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن قوم کیلئے ایک قابل فخر اور تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ہیروز کی عظیم خدمات کے معترف ہیں، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر مثالی بہادری کا مظاہرہ کیا۔
وزیر اعظم نے زور دیا کہ کشیدہ حالات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کا جذبہ اور قیادت مثالی رہی۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران فیلڈ مارشل کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ حکمت عملی سے دشمن کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا گیا، جس کے نتیجے میں دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے دنیا کو یہ باور کرایا کہ پاکستان ایک پرامن مگر ناقابل تسخیر ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت کی بصیرت افروز قیادت ہی ملک کے محفوظ مستقبل کی ضامن ہے۔
تقریب میں اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت، سفارتکاروں اور ممتاز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اس منفرد اور اعلیٰ عسکری اعزاز پر مبارکباد دی۔






