وزارت مذہبی امور نے حج اور عمرہ زائرین کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین لگوانے کے لیے مراسلہ لکھ دیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حج اور عمرہ زائرین کےلیے کورونا ویکسین لازمی ہے ، اس لیے زائرین کو ویکسین لگانے میں ترجیح دی جائے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور وزارت صحت دونوں کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ حج اور عمرہ زائرین کو کورونا ویکسین لگانے میں ترجیح دی جائے ، حج اور عمرہ زائرین کےلیے ویکسین لازمی ہے۔وزیراعظم عمران خان کو حج اور عمرہ زائرین کو کورونا ویکسین لگانے سے متعلق مراسلہ جاری کردیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا ویکسین کی پاکستان میں آمد کے حوالے کوششیں جاری ہیں، اس حوالے سےوفاقی پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹرنوشین حامد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4 عالمی ویکسین سازکمپنیز کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔
کورونا ویکسین سے متعلق مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں۔ ڈاکٹرنوشین حامد کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کے لیے سائینو فارم کا انتخاب ہوگیا ہے۔ سائینوفارم سے ویکسین کی ایڈوانس بُکنگ کرنے جارہے ہیں۔ کورونا ویکسین فروری کے اختتام یا مارچ کےاوائل میں آئے گی۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری صحت نے کہا کہ 3 لاکھ سے زائد ہیلتھ ورکرز کی رجسٹریشن ہوچکی ہے، آئندہ ماہ سے کورونا ویکسینیشن شرو ع ہونے کی امید ہے جبکہ سپر کوروناوائرس کوروکنے کے لیے سخت اقدامات کئے ہیں۔
پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا کے ہیلتھ ورکرز کی رجسٹریشن متعلقہ صوبائی صحت سینٹرز میں ہوگی۔ اسلام آباد، بلوچستان، آزاد کشمیر، اور گلگت کے ہیلتھ ورکرز کی براہ راست ریسورس میجمنٹ سسٹم میں رجسٹریشن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر یا کوئی اور بین لاقوامی منظور شدہ ویکسین امپورٹ کرنا چاہےتو کرسکتا ہے۔ چینی سینو فارم ویکسین 79 فیصد مؤثر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پمزاسپتال کے احتجاجی ملازمین سےرابطے میں ہے، پمز کے احتجاجی ملازمین کی غلط فہمیاں دورکریں گے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں تاحال لوگوں کی جانیں جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے باعث مزید 55 اموات ہوئیں جبکہ کورونا کے 2123 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 772 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 8 ہزار 824 ہوگئی۔