
خلیج اردو
اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا یافتہ بانی پی ٹی آئی کی پیرول پر رہائی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی عدالت میں کل سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔ درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے متعدد اعتراضات عائد کیے گئے ہیں، جنہیں دور کیے بغیر ہی کیس کو سماعت کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔
190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی پیرول پر رہائی کی درخواست دفتر کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر درخواست پر آفس اعتراضات کے ساتھ کل سماعت کریں گے۔ pic.twitter.com/f3RGw6JYgd
— Aatif Khattak (@MalakAatifKhan) May 13, 2025
درخواست پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراض اٹھایا ہے کہ درخواست متاثرہ شخص کی جانب سے براہ راست دائر نہیں کی گئی۔ مزید کہا گیا ہے کہ کسی دوسرے شخص کے لیے ریلیف کیسے مانگا جا سکتا ہے، جب کہ جس شخص کی پیرول پر رہائی کی درخواست کی جا رہی ہے، اسے درخواست میں فریق نہیں بنایا گیا۔
رجسٹرار آفس نے مزید اعتراض کیا کہ نیب کیس میں سزا یافتہ شخص کی درخواست میں نیب کو فریق ہی نہیں بنایا گیا، جبکہ درخواست میں شامل فریقین کے مکمل پتے بھی درج نہیں کیے گئے۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کہ اعتراضات دور کر کے درخواست دوبارہ دائر کی جائے، تاہم درخواست کو اعتراضات کیساتھ کل سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے۔






