پاکستانی خبریں

بھارت کی پاکستان کے قریب جنگی بحری جہازوں کی تعیناتی، صورتحال کشیدہ

خلیج اردو
نئی دہلی / اسلام آباد: 9 مئی
بھارت نے پاکستان کے ساتھ سرحدی جھڑپوں کے بعد بحری جنگی جہازوں پر مشتمل اپنا مغربی بیڑہ شمالی بحیرہ عرب میں تعینات کر دیا ہے، جسے کراچی کے ساحل سے 300 سے 400 میل کے فاصلے پر رکھا گیا ہے۔ بھارتی اقدام کے بعد خطے میں کشیدگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اس حملہ گروپ میں ایک ایئرکرافٹ کیریئر، تباہ کن جہاز، فریگیٹ اور آبدوز شکن بحری جہاز شامل ہیں۔ بعض بحری جہازوں پر بھارت اور روس کے اشتراک سے تیار کردہ برہموس کروز میزائل نصب ہیں، جو 500 میل دور تک مار کرنے اور 300 کلوگرام وزنی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر بھارت نے کراچی کو نشانہ بنایا تو پاکستان کی معیشت اور بحری قوت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے کیونکہ ملک کی 60 فیصد تجارت اسی بندرگاہ سے وابستہ ہے، جہاں پاک بحریہ کا ہیڈکوارٹر بھی موجود ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے شمالی اور مغربی علاقوں میں 15 شہروں پر ڈرون اور میزائل حملے کیے گئے، جنہیں ناکام بنا دیا گیا۔ جمعہ کی رات سری نگر ایئرپورٹ کے قریب 10 دھماکے سنے گئے جبکہ امرتسر میں سکھوں کے مقدس مقامات کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

دوسری جانب جموں شہر کو دھماکوں کے بعد اندھیرے میں ڈوبا ہوا پایا گیا۔ لائن آف کنٹرول کے اطراف شدید گولہ باری کی اطلاعات ہیں۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے لاہور میں پاکستان کے فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا، تاہم پاکستان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 48 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا گیا اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

بھارت نے 7 مئی کو پاکستانی علاقوں پر فضائی حملے کیے تھے جنہیں 22 اپریل کو پاہل گام کے سیاحتی مقام پر دہشت گردی میں 26 افراد کی ہلاکت کا جواب قرار دیا گیا۔ بھارتی دعویٰ ہے کہ 80 جنگی طیاروں نے 9 دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کیا، جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں 31 شہری ہلاک ہوئے جن میں عبادت گاہیں اور پاور پلانٹ بھی نشانہ بنے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان جواب دے گا، لیکن وقت، مقام اور طریقہ ہم خود چنیں گے۔ انہوں نے بھارتی حملوں میں ہلاک ہونے والے بچوں کی تصاویر دکھا کر کہا: "جب آپ ہم سے پوچھیں کہ پاکستان کیا کرے گا، تو ان تصویروں کو یاد رکھیں۔”

ساتھ ہی بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستانی ہم منصب سے رابطہ کر کے شہری ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھارت کے رویے کو "غیر ذمہ دارانہ” قرار دیا اور کہا کہ یہ دو جوہری طاقتوں کے درمیان بڑے تصادم کی راہ ہموار کر رہا ہے۔

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر انڈین پریمیئر لیگ کرکٹ سیریز کو ایک ہفتے کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button