پاکستانی خبریں

9 مئی واقعات پر قانون اپنا راستہ لے گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، اسحاق ڈار

خلیج اردو
اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر قانون اپنا راستہ لے گا اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبول سیاسی رہنما ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی شخص اسلحہ اٹھائے یا قانون کو ہاتھ میں لے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف کے 126 دن کے دھرنے سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔ بانی پی ٹی آئی سیاست میں آنے سے قبل چندہ لینے کے لیے میرے پاس آتے تھے، ان کی حکومت نے 100 سے زائد مجرموں کو رہا کیا اور سرحدیں کھولنے سے 30 سے 40 ہزار طالبان واپس آ گئے، جو ایک افسوس ناک فیصلہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک چائے کا کپ پاکستان میں مسلح بغاوت کو نئی زندگی دینے کا باعث بنا۔ اسحاق ڈار نے عافیہ صدیقی کے حوالے سے کہا کہ امریکہ نے انہیں قانون کے تحت قید کیا ہے تو مجھے اس پر اعتراض نہیں، لیکن پاکستان میں ملکی تنصیبات پر حملہ غداری کے زمرے میں آتا ہے۔

بھارت سے تعلقات کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم بھارت سے تجارت، جموں و کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات چیت کے خواہاں ہیں اور دہشتگردی کے خلاف بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن یہ مذاکرات یک طرفہ نہیں ہو سکتے۔ بھارت کو کشیدگی ختم کرنے کے لیے بلیم گیم کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمیں کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہم دہشت گردی کے خلاف کارروائی کریں گے، پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button