خلیج اردو
اسلام آباد:احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز نے پانامہ ریفرنسز میں دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستیں دائر کردی ہیں۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز نے قاضی مصباح ایڈووکیٹ کے ذریعے ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستیں دائر کی گئیں۔
قاضی مصباح نے موقف اپنایا کہ حسن اور حسین نواز نے بارہ مارچ کو پاکستان آنا ہے۔ دونوں ملزمان عدالت کے سامنے پیش ہو کر خود کو سرنڈر کرنا چاہتے ہیں۔ دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کیے جائیں۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نیب نے دیگر ملزمان کی بریت کیخلاف اپیل واپس لے لی تھی جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں دیگر ملزمان بری ہو چکے ہیں۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریمارکس دیئے ان درخواستوں پر تفتیشی افسران کو نوٹسز جاری کر دیتے ہیں۔
قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ تفتیشی افسران کو کل کیلئے ہی نوٹس جارج کر دیئے جائیں۔ عدالت نے تینوں درخواستوں پر نیب کے تفتیشی افسران کو کل کیلئے نوٹسز جاری کر دیئے۔ واضح رہے کہ پانامہ ریفرنسز میں احتساب عدالت کی جانب سے حسن اور حسین نواز کو عدم پیشی پر اشتہاری و مفرور قرار دیا گیا تھا۔