
خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وفاقی دارالحکومت میں شیڈول بلدیاتی انتخابات کو پھر سے ملتوی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا مختصر اجلاس ہوا، جس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 دسمبر اور 30 دسمبر کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے نئی قانون سازی پر غور کیا گیا جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد نے کابینہ کو بلدیاتی انتخابات کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے بعد وفاقی کابینہ نے انتخابات کو مؤخر کرنے کی منظوری دی۔
مزید براں، کابینہ نے وفاقی دارالحکومت میں پنجاب طرز کے بلدیاتی انتخابات کے لیے قانون سازی کی بھی منظوری دی۔
فی الوقت وزارت قانون اور متعلقہ ادارے نئی قانون سازی پر کام کر رہے ہیں، جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کا حتمی شیڈول طے کیا جائے گا۔






