
خلیج اردو
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستان صرف بھارتی اشتعال انگیزی کا جواب دیتا ہے، پاکستان کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں اور یہ حقیقت عالمی برادری بھی تسلیم کرتی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پہلگام واقعے کا الزام بغیر کسی ثبوت اور تحقیق کے پاکستان پر لگایا گیا جو غیر منصفانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کا جواب انتہائی تحمل اور ذمہ داری کے ساتھ دیا۔ بلاول بھٹو کے مطابق وزیراعظم پاکستان پہلے ہی پہلگام واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کر چکے ہیں تاکہ سچ سامنے آ سکے اور کسی بے گناہ پر الزام نہ لگے۔
بلاول بھٹو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی یکطرفہ الزام تراشی کا نوٹس لے اور ایسے واقعات میں غیر جانبدارانہ تجزیے کو یقینی بنایا جائے تاکہ خطے میں کشیدگی نہ بڑھے اور امن قائم رہے۔






